پاکستان : (جیو ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کا ایک انگریزی زبان میں ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں محمد عامر نے کرکٹرز کو کرپشن سے بچنے کی تلقین کی ہے۔ محمد عامر کا تقریباً ساڑھے پانچ منٹ کا یہ ویڈیو انٹرویو آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ہے جو آئی سی سی کے اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ کے ایجوکیشن پروگرام کا حصہ ہے۔
محمد عامر کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو وہ غلطی نہیں کرنی چاہیے جو ان سے سرزد ہوئی۔ ان کے مطابق آئی سی سی ٹریبونل کی سماعت کے دوران وہ جانتے تھے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں لیکن وہ دبا کا شکار تھے اور ان میں سچ کہنے کا حوصلہ نہیں تھا تاہم لندن کی عدالت کیسامنے انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ سچ کہیں گے۔
محمد عامر نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ٹیم مینجمنٹ اور آئی سی سی کو دینی چاہیے ساٹ۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ جب وہ گھر گئے تو ان کی والدہ رو رہی تھیں۔ اور وہ پریشان تھے اگر وہ ایسا کرلیتے تو آج پاکستان کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہوتے لیکن انہوں نے بے وقوفی کی جس کی وجہ سے ان کا کیریئر تباہ ہو گیا۔
محمد عامر سپاٹ فکسنگ مقدمے میں تین ماہ کی جیل کاٹنے کے بعد رہا ہوچکے ہیں۔ اسی مقدمے میں ان کے دیگر دو ساتھیوں سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی سزا ہوئی ہے اور وہ اس وقت لندن کی جیل میں ہیں۔