آسٹریلین اوپن، برطانیہ کے اینڈی مرے مینز سنگلز کے فائنل میں

Andy Murray

Andy Murray

میلبورن(جیوڈیسک)برطانیہ کے اینڈی مرے سیکنڈ سیڈ سوئیٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو اپ سیٹ شکست دے کر آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے روڈ لیور ایرینا میں سیکنڈ سیڈ راجر فیڈرر اور تھرڈ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے کے درمیان کھیلا گیا مینز سنگلز کا دوسرا سیمی فائنل سنسنی خیز رہا۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے پہلا سیٹ جیت کر پراعتماد آغاز کیا۔ فیڈرر نے دوسرا سیٹ جیت کر میچ ایک ایک سیٹ سے برابر کر دیا۔

تیسرا سیٹ مرے نے جیتا تو فیڈرر نے چوتھا سیٹ ٹائی بریک پر جیت کر میچ دو دو سیٹ سے برابر کر دیا۔ پانچویں اور اختتامی سیٹ میں اینڈی مرے نے بہترین ٹینس کھیلی اور فیصلہ کن سیٹ چھ دو سے جیت کر تیسری مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

اینڈی مرے نے چار گھنٹے تک جاری رہنے والا میچ چھ چار، چھ سات، چھ تین، چھ سات اور چھ دو سے جیتا۔ اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں وہ ورلڈ نمبر ون اور دفاعی چیمپئن سربیا کے نوواک جکووچ سے ٹکرائیں گے۔