آسٹریلین اوپن : مرے، آزارنکا اور سرینا کامیاب

Andy Murray

Andy Murray

آسٹریلین اوپن ٹینس (جیوڈیسک)آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے روز برطانیہ کے اینڈی مرے، عالمی نمبر ایک وکٹوریہ آزارنکا اور امریکہ کی سرینا ولیمز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ میلبورن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلیم ایونٹ کے دوسرے روز مینز سنگلز میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے نیدرلینڈ کے رابن ہاس کو آسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

مرے کی فتح کا اسکور چھ تین چھ ایک اور چھ تین رہا۔ ویمنز سنگلز کے میچ میں عالمی نمبر ایک بیلاروس کی وکٹوریہ آزارنکا نے رومانیہ کی مونیکا نیکولسکو کو اسٹریٹ سیٹس میں زیر کیا۔ ٹاپ سیڈ نے پہلا سیٹ چھ ایک سے جیتا۔

دوسرے سیٹ میں مونیکا نے کچھ مزاحمت کی تاہم وکٹوریہ نے چھ چار سے فتح سمیٹ کر میچ اپنے نام کرلیا۔ تھرڈ سیڈ امریکہ کی سرینا ولیمز نے رومانیہ کی ایڈینا گلوویٹز ہال کو مات دی۔ میچ کے دوران سرینا انجری کے شکار ہوئیں لیکن اس کے باوجود اسٹریٹ سیٹس میں چھ صفر اور چھ صفر سے کامیابی حاصل کرکے دوسرے راونڈ میں جگہ بنالی۔

روس کی نادیہ پیٹرووا کو جاپان کی کیمیکو ڈیٹ کروم نے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ اس کامیابی کے بعد کیمیکو آسٹریلین اوپن میں ویمنز سنگلز میچ جیتنے والی عمر رسیدہ خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ بیالیس سالہ جاپانی کھلاڑی نے اسٹریٹ سیٹس میں چھ دو اور چھ صفر سے کامیابی حاصل کرکے دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔