ممبئی: (جیو ڈیسک) امیتابھ بچن کے تین بھوجپوری فلمیں کرنے کے بعد اب ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلنے کی تیاری میں ہیں۔ ابھیشیک بچن امیتابھ کے میک اپ مین دیپک ساونت کی اگلی بھوجپوری فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
فلم گنگا دیوی کے پروموشن کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دیپک ساونت نے کہا کہ ابھیشیک بچن نے مجھ سے کئی بار بھوجپوری فلموں میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تو میں نے انہیں اپنی اگلی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کر دی اور وہ فورا تیار ہو گئے۔ دیپک ساونت کی فلم گنگا دیوی میں امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی بیگم جیا بچن نے بھی کام کیا ہے۔