ممبئی: (جیو ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا نے اپنی اداکاری سے مداحوں کو چونکا دینے کے بعد ایک شیرنی کو گود لے کر ایک مرتبہ پھر تہلکا مچا دیا ہے۔ بھارتی سپر اداکارہ نے رانچی میں چڑیا گھر میں موجود سندری نامی شیرنی کو گود لے لیا ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پریانکا نے چڑیا گھر کی انتظامیہ کو سندری کی دیکھ بھال کے لیے دو لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ چیک پریانکا چوپڑا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور سندری کو گود لینے کی مدت ایک سال کی رکھی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی پریانکا چوپڑا درگا نامی شیرنی کو گود لے چکی ہیں، جس کی کفالت کی مدت تیس اپریل کو پوری ہو چکی ہے۔ چڑیا گھر کے ڈاکٹر پی کے ورما کا کہنا ہے کہ پریانکا نے آئندہ شیر کو گود لینے میں دلچسپی ظآہر کی ہے۔