مشرق وسطی کے امور سے متعلق ایک چاررکنی تنظیم کا اجلاس اتوار کے روز نیویارک میں ہورہاہے جس کا مقصد فلسطینیوں کو اگلے ہفتے اقوام متحدہ سے اپنی آزاد ریاست تسلیم کرنے کی درخواست سے روکنے کی ایک آخری کوشش کے طورپر دیکھا جارہاہے۔امریکہ، یورپی یونین، اقوام متحدہ اور روس پر مشتمل تنظیم کا اجلاس ایک ایسے موقع پر ہورہاہے جب اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو فلسطینیوں کی جانب سے اقوام متحدہ میں اپنی ریاست کو رکنیت دلانے کی مہم کو ایک بے فائدہ مشق قرار دے چکے ہیں۔مسٹر نتن یاہو کی جانب سے یہ بیان، فلسطینی راہنما محمود عباس کی اس اپیل کے جواب میں کہ رکن ممالک فلسطینیوں کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دلانے میں مدد کریں، جاری ہوا تھا۔اس وقت فلسطینیوں کو اقوا م متحدہ میں ایک مبصر کا درجہ حاصل ہے ۔ اسرائیل اور امریکہ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کی جانب سے اپنی ریاست تسلیم کرائے جانے کی کسی بھی یک طرفہ مہم کی مخالفت کریں گے۔