اسلام آباد، راولپنڈی میں سی این جی کا حصول خواب بن گیا

CNG

CNG

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد اور راولپنڈی میں سی این جی کا حصول خواب بنتا جارہا ہے، سی این جی اسٹیشنز پر لمبی قطاریں ختم ہونے کا نام نہیں لیتیں۔ سی این جی مالکان گیس نہ بیچنے کے بہانے گڑھنے لگے۔ گزشتہ روز کی طرح آج بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سی این جی کا بحران جاری ہے،راولپنڈی میں اکثر فلنگ اسٹیشن بند ہیں،تاہم وفاقی دارالحکومت میں زیادہ تر اسٹیشن کھلے تو ہوئے ہیں لیکن مالکان صارفین کو گیس سے محروم رکھنے کیلئے کم پریشر سمیت دیگر حربے استعمال کر رہے ہیں،جس کے باعث اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے اگرحکومت کارروائی کرے تو یہی سی این جی مالکان گیس کی فراہمی پہلے کی طرح شروع کردیں گے،، لیکن اس مافیا کو قابو کرنے کیلئے کوئی ایکشن نہیں لے رہا۔ دفاتر جانے اور مزدوری کیلئے نکلنے والوں کو پہلے سی این جی اسٹیشنوں کا طواف کرنا پڑتا ہے، گھنٹوں انتظارکے بعدگیس مل بھی جائے تو پھر کام کیلئے وقت نہیں بچتا،یوں محسوس ہو رہا ہے وطن عزیز میں حکومت نام کی کوئی چیزموجود نہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل خصوصی ڈسکاونٹ دینے والے سی این جی مالکان صارفین کو ترسائے،ستائے بغیرگیس دینا مناسب نہیں سمجھ رہے۔