اسلام آباد : (جیو ڈیسک) بیالیس سال تک پیپلز پارٹی میں جدوجہد کرنے والے اسرار شاہ نے بالآخر پیپلز پارٹی چھوڑ دی، اسرار شاہ کا کہنا ہے پارٹی کی غلط پالیسیوں، عدلیہ سے محاذ آرائی، کرپشن اور خراب انداز حکمرانی پر اختلافات کی وجہ سے پارٹی چھوڑی،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسرار شاہ نے پیپلز پارٹی چھوڑ کے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ، اسرار شاہ نے کہا کہ بھٹو کی پیپلز پارٹی انجمن غلامان زرداری بن چکی ہے، وزیر اعظم کو خط لکھا کہ کرپشن کا ہر دروازہ وزیر اعظم ہاس کی طرف کھلتا ہے، نتیجے میں میری پارٹی رکنیت معطل کردی گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کے کسی نام نہاد رہنما نے میرے خلاف زبان کھولی تو میں بھی ان کے تمام رازجانتا ہوں۔عمران خان نے پارٹی میں اسرار شاہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بینظیر قتل کیس میں مشرف کے ریڈ وارنٹ تو جاری کردیئے، حکومت میں شامل ملزمان کے ریڈ وارنٹ ہم اقتدار میں آکر جاری کریں گے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات پرانی فہرستوں پرکرائے گئے، سانحہ کوہستان کی مذمت کرتے ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ آزاد عدلیہ کو نقصان پہنچانے کے لئے ججز کی تعیناتی سیاستدانوں کے ہاتھ میں دی گئی، انہوں نے کہا کہ کرپشن کا پیسہ بیرون ملک بھیجوانے کی وجہ سے روپے کی قیمت گر رہی ہے۔