اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ تیس اگست تک اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے شق تیرا کے تحت الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مالی سال کے گوشوارے الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں جس کی آخری تاریخ 29 اگست ہے۔ پولیٹیکل پارٹی ایکٹ کے تحت ہر سیاسی جماعت اس بات کی پابند ہے کہ وہ ہر مالی سال کے اثاثہ جات 60 دن کے اندر الیکشن کمیشن کو دستاویزی طور پر آگاہ کرے۔ اس سلسلے میں پارٹی لیڈر کے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ کیساتھ سیاسی پارٹی کے اثاثہ جات کی سٹیٹمنٹ جمع کرائی جائے۔ اس سلسلے میں پرنٹڈ فارم الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد سے اور اس کے صوبائی دفاتر میں دستیاب ہیں جس میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ فارم پر کرنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹریٹ میں 29 اگست تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے بذریعہ ڈاک، کوئیر سروس یا کسی دوسرے ذرائع سے فراہم کردہ معلومات قابل قبول نہیں ہونگی۔