اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے جناح ایونیو میں شدید سردی کے باوجود تحریک منہاج القرآن کا دھرنا جاری ہے ، شرکا مقاصد کے حصول تک دھرنا جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں، جبکہ طاہر القادری آج صبح نوبجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
دھرنے میں شریک افراد کو پرعزم رکھنے کیلئے ملی نغمے بھی لگائے جارہے ہیں۔ سخت سرد موسم کے باوجود لانگ مارچ کے شرکا پرجوش نظرآرہے ہیں۔ ہلکی بارش اور سردی کی وجہ سے اکثر بچوں اور خواتین سمیت تقریباً ڈھائی سو افراد بیمار ہوگئے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود وہ کسی صورت دھرنا ختم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
دھرنے میں شریک افراد نے ڈی چوک کی طرف سے تھوڑی پیش رفت بھی کی ہے۔ پولیس ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ دوسری طرف تحریک منہاج القرآن کے ترجمان کے مطابق طاہر القادری صبح نوبجے پریس کانفرنس میں اہم اعلانات کریں گے۔