اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ میں پیشی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور وزیر اعظم کے سیکورٹی اسٹاف نے کورٹ روم نمبر دو کو کلیئر قرار دے دیا۔ کمرہ عدالت کے باہر دو واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی کے لیے آٹھ سو اہلکار تعینات ہیں اور سپریم کورٹ کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
این آر او عملدرآمد کیس میں وزیراعظم کی سپریم کورٹ پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔ سپریم کورٹ اور گردو نواح کے علاقوں کی دو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور سات سے گیارہ بجے تک شہریوں کا ریڈ زون میں داخلہ بند ہے۔ صرف پاسز رکھنے والے افراد کو عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ سپریم کورٹ کے ارد گرد عمارات پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔