اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کی صورتحال پرعدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے امن کوتباہ کرکے ملکی سلامتی کو دا پر لگایا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کراچی کی صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کٹی پہاڑی، قصبہ کالونی اور اورنگی ٹان کے واقعات کی تحقیقات کیلئے فوری عدالتی کمیشن قائم کیاجائے۔ شہر کو خانہ جنگی کی طرف لے جاکر کراچی کو دہشتگردوں کیلئے ترنوالہ بنایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں پانچ سو دہشتگرد حالات خراب کررہے ہیں۔ انہوں نے دہشتگردوں کی فہرست بھی ایوان میں پیش کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ حکمرانوں کو سوچنا چاہیے کہ اس طرح کے حالات سے بدامنی پھیلے گی۔