سرگودھا : (جیو ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسلم مڈھیانہ کیس کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دے دیا۔ سابق ایم پی اے اور پانچ ساتھیوں پر فرد جرم عائد کردی۔ سرگودھا میں انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ کے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ شامل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست اسلم مڈھیانہ کے وکیل نے دائر کی تھی۔ عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا اسلم مڈھیانہ کا کیس دہشت گردی کا واقعہ ہے۔ عدالت نے اسلم مڈھیانہ اور اس کے پانچ ساتھیوں پر فرد جرم عائد کر دی۔
سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ نے ٹیچر نفیس خان پر تشدد کرکے ان کی دونوں ٹانگیں توڑ دی تھیں۔ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر انتظامیہ حرکت میں آئی اور ملزم اسلم مڈھیانہ کو لاہور سے گرفتار کیا۔ جس کے بعد انہیں سرگودھا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اب ملزم کے خلاف انسداد دہشتگردی کی عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔