اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر پھر 152 تک پہنچ گیا، سونا 400 روپے مہنگا

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی بجٹ میں اسٹاک مارکیٹ اور کارپوریٹ سیکٹر پر کوئی ٹیکس عائد نہ ہونے، نان فائلر کی رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری اور جائیداد کی خریداری پر پابندی جیسے اقدامات کا اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا بجٹ کے بارے میں اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کے خدشات زائل ہوگئے جس سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔

بدھ کے روز ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100 انڈیکس 35137پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو کر 34900پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا اور انڈیکس میں200سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں42ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر 327 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 216کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،84میں کمی اور 27کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر بدھ کو ایک بار پھر152روپے کی بلند سطح کے قریب جا پہنچا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مزید35پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 151.30 روپے سے بڑھ کر151.62روپے اور قیمت فروخت 151.60روپے سے بڑھ کر151.95روپے ہو گئی۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت خرید 151.30روپے اور قیمت فروخت152روپے پر بدستور برقرارر ہی۔

علاوہ ازیں فی تولہ سونے کی قیمت400روپے بڑھ گئی اور تولہ سونا72600روپے کا ہوگیا۔ اس کے برعکس 10 گرام سونے کی قیمت343 روپے کمی سے 62243 روپے رہی ۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 870روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔