چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے عہدے کی تین سالہ میعاد آج ختم ہورہی ہے لیکن حکومت نے انہیں تاحکم ثانی بورڈ کی ذمہ داری جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اعجازبٹ کو آٹھ اکتوبر دوہزار آٹھ کو ڈاکٹر نسیم اشرف کی جگہ پی سی بی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ ان کا تین سالہ دور تنازعات سے بھرپور رہا۔ دوہزار نو میں سری لنکا ٹیم پر لاہور ٹیسٹ کے دوران حملے سے پاکستان ورلڈکپ کی میزبانی سے محروم ہوا اورغیرملکی ٹیموں کیلئے نو گو ایریا بن گیا۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے تین کرکٹرز پر پابندی عائد ہوئی اب ان کرکٹرز کو لندن کی عدالت سے سزا کا بھی سامنا ہے۔ اعجازبٹ کے دور میں قومی ٹیم کے چھ کپتان، چار چیف سلیکٹر اور کئی اعلی عہدیدار تبدیل ہوئے یا وہ بورڈ کو چھوڑ گئے۔ تاہم صدر آصف علی زرداری نے اب تک نہ اعجاز بٹ کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی ان کے جانشین کی تقرری کی گئی ہے بلکہ انہیں کوئی فیصلہ ہونے تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔