کابل (جیوڈیسک) افغان طالبان کا کہنا ہے کہ جمہوری نظام کو تسلیم نہیں کرتے اور ملک کو غیر ملکی تسلط سے آزاد کرانا ہمارا فرض ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ جمہوری نظام کو نہیں مانتے، افغانستان کو غیرملکی تسلط سے آزاد کرنا طالبان کا فرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی فوج کی موجودگی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی کوئی اہمیت نہیں، طالبان افغانستان میں مغربی جمہوریت کی بجائے اسلامی نظام نافذ کریں گے۔ دوسری جانب اس قسم کی بھی اطلاعات ہیں کہ طالبان نے عوام کو انتخابی عمل رکھنے کئے ہر انتخابی کارڈ کے بدلے 5 امریکی ڈالر دینے کی پیش کش بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں آج ہونے والے صدارتی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے، مختلف مقامات پر بم دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔