ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالت عظمی کا تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے الطاف حسین کو عدلیہ کے خلاف بیان دینے پرذاتی طور پر طلب کیا ہے۔ دوسری جانب الطاف حسین نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ نے الطاف حسین کی پیروی کے لئے وکلا کا نو رکنی پینل تشکیل دیا ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر فروغ وسیم کریں گے۔ ادھر ایم کیو ایم کا وفد کراچی سے اسلام آباد پہنچ گیا ہے جس میں نسرین جلیل، واسع جلیل، ڈاکٹر محمد علی شاہ، فیصل سبزواری اور ڈاکٹر صغیر سمیت قومی و صوبائی اسمبلی اور رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔ یہ وفد سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ جائے گا۔