ممبئی: (جیو ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے جمعہ کو اس وقت سکھ کا سانس لیا جب الہ آباد ہائی کورٹ نے ان کے خلاف ماتحت عدالت میں زیر سماعت مقدمے کی کارروائی کو روک دینے کا حکم جاری کیا۔ سنجے دت کے خلاف 2009 میں ایک مقدمہ اتر پردیش میں قائم کیا گیا تھا جس میں سنجے دت پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے سماج وادھی پارٹی کی ریلی کے دوران اتر پردیش کی اس وقت کی وزیر اعلی مایا وتی کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں۔ سیشن کورٹ میں زیر سماعت اس مقدمے کے خلاف سنجے دت نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی جس پر جمعہ کو الہ آباد ہائی کورٹ کے جج وی کے نارائن نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردیئے اور سیشن کورٹ میں سماعت روکنے کا حکم جاری کردیا۔ اگر سنجے دت کے خلاف الزام ثابت ہوجائے تو انہیں ایک سال قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔