الیکشن کمیشن کوخود مختار بنانے کیلئے (ن)لیگ کے دھرنے میںبھرپور شرکت کریں گے۔ شاداب رضا

اسلام آباد( جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے صوبائی صدرمحمدشاداب رضانقشبندی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو آزاد اورخود مختار بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔اداروں کی مکمل آزادی اور خود مختاری سے ہی ملک میں حقیقی جمہوریت کاخواب شرمندۂ تعبیرہوگا۔کراچی میں ایک سیاسی جماعت آئندہ انتخابات میں اپنی مر ضی کے نتائج حاصل کرنا چا ہتی ہے۔سرکاری اداروں کو ڈرادھمکا کرکسی کو اپنی مرضی عوام پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔

الیکشن کمیشن کو مکمل آزادی نہ ملی تو کراچی میں الیکشن کے حقیقی نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے۔سیاسی وڈیرے ایک دوسرے کے سیاسی گناہوں پر پردہ ڈالنے اور اپنا اپنا حصہ لینے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔عوام اپنے حصے کا دِیاجلائیں، الیکشن کوتاریخ ساز بنا کر ملک وقوم کو جمہوری اور بنیادی حقوق دلانے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گذشتہ روز صوبائی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہنگا می اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

محمدشاداب رضا نقشبندی نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر تصدیقی عمل میں فوج کو شامل کرنے کے حوالے سے سیاسی جماعتو ںکو کرائی جانے والی یقین دہانی پر عمل کریں۔ کراچی میں حالات کی تبدیلی کیلئے حقیقی مینڈیٹ لانا ہوگا ،عوام ہمت نہ ہاریں فتح ہماری ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کراچی اور کوئٹہ کے حالات سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کیے جارہے ہیں تاکہ عوام سے اپنے نمائندوں کے انتخاب کا حق چھین لیا جائے لیکن ہم عوام کے حق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیںگے ۔ اجلاس میں صو بائی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ پنجاب کے تمام ڈویژنل ،ضلعی اور تحصیل صدور نے بھی شرکت کی۔