امریکہ افغانستان میں 2014 کے بعد فوجی اڈے قائم رکھنے کی وضاحت کرے۔ یہ بات روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے روسی دارالحکومت ماسکو میں اپنے قزاخ ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہی۔ انہوں نے افغان لویہ جرگہ کی طرف سے امریکہ کے ساتھ طویل پارٹنر شپ کی حمایت کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ روس یہ جاننا چاہتا ہے کہ امریکہ 2014 کے بعد افغانستان میں فوجی اڈوں سے کیا مقاصد حاصل کرے گا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ امریکی حکام واضح کریں گے کہ 2014 تک افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا اور 2024 تک یہاں ملٹری بیسز کی موجودگی کے درمیان کیا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اس معاملہ پر امریکہ سے بات چیت کرے گا۔