اسلام آباد (جیو ڈیسک) وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی تاہم دونوں ممالک کے ورکنگ گروپس کے درمیان مزاکرات جاری ہیں۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کے ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ کاکہناتھا کہ اگرامریکہ کے ساتھ نیٹو سپلائی لائن پرمفاہمتی یادداشت پرجلد دستخط ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اورپاکستان مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں۔ پاکستان افغانستان میں کوئی رول نہیں چاہتا۔ ہم صرف ایک مستحکم اورپرامن افغانستان چاہتے ہیں۔
قائمہ کمیٹی کااجلاس حاجی عدیل کی صدارت میں ہوااجلاس میں مسلم لیگ ن کے سنیٹراسحاق ڈارنے امریکہ کی معافی کو مانننے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی دفاعی کمیٹی نے پارلیمنٹ سے پوچھے بغیرنیٹو سپلائی بحال کردی۔ تاہم پیپلزپارٹی کے بابراعوان اورایم کیوایم کے بابرغوری کا کہنا تھا کہ امریکہ سے بہترطور پرمعاملات طے پاسکتے تھے تاہم ہمیں موجودہ سیٹ اپ سے مطمئن ہونا چاہیے۔