امریکی صدارتی انتخابات : تیسرا صدارتی مباحثہ فلوریڈا میں ہو گا

U.S Debate

U.S Debate

امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں تیسرا اور آخری صدارتی مباحثہ فلوریڈا میں ہو رہا ہے جو کہ خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس مباحثے میں دونوں امیدوار عالمی سیاست پر اپنی پالیسی بیان کریں گے۔

امریکی صدر براک اوباما اور ریپبلکن جماعت کے حریف صدارتی امیدوار مٹ رومنی کے درمیان تیسرے اہم مباحثے کا فوکس بین الااقوامی تعلقات ہوں گے۔ اس مباحثے میں شام، ایران، لیبیا، افغانستان اور پاکستان پر دونوں امیدوار اپنی رائے کا اظہار کرینگے ۔ لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی سفارتخانے پر حملہ اور اس میں امریکی سفارتکار کی ہلاکت اہمیت کی حامل ہوگی ۔

اوبامہ کے کیمپ کا کہنا ہے کہ مٹ رامنی کو بین الااقوامی معاملات پر گرفت نہیں ہے اور بن غازی واقعہ پر ان کا رد عمل بھی درست نہیں تھا۔ جبکہ رامنی کے کیمپ کا کہنا ہے کہ چار سال میں امریکی خارجہ پالیسی کے اثرات پر کڑے حملے کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔

۔چین کے ساتھ تعلقات پر بھی دونوں امیدوار اپنی پالیسی بیان کرینگے ۔ تیسرا مباحثہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے دونوں کے پاس یہ آخری موقع ہے۔پہلے مباحثے میں اگرچہ میدان مٹ رومنی کے ہاتھ رہا تھا لیکن نیویارک میں ہونے والے دوسرے مباحثے میں صدر براک اوباما کو برتری ملی تھی۔ یہ مباحثہ پاکستان میں منگل کی صبح دیکھا جا سکے گا ۔