امریکی معیشت پہ صارفین کا اعتماد کم

US Consumers

US Consumers

ایک  نجی تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جنوری کے دوران امریکی صارفین کا ملکی معیشت پر اعتماد مجروح ہوا ہے۔’دی کانفرنس بورڈ’ نامی ادارے کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے صارفین کے جذبات  کی بابت کرائے گئے ماہانہ جائزے سے ظاہر ہوتا ہے  کہ لوگوں کی اکثریت  کا یہ خیال ہے کہ امریکہ میں نوکریوں کا حصول مشکل ہوتا جارہا ہے۔تنظیم کی جانب سے مرتب کردہ 100 کے اشاریے پہ صارفین کے اعتماد کی شرح، جو گزشتہ ماہ دسمبر میں 65 کی سطح پر تھی، نئے سال کے پہلے مہینے میں گر کر 61 پر آگئی ہے۔انڈیکس پہ 90 کی سطح کو ایک صحت مند معیشت کا معیار مقرر کیا گیا ہے۔ماہرین معیشت صارفین کے اعتماد کی بنیاد پر ملکی اقتصادیات کے مستقبل  کا تعین کرتے ہیں کیوں کہ امریکی معیشت کی 70 فی صد سرگرمیوں کا انحصار صارفین کے اخراجات ہے۔اگرچہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت  2007 سے 2009 کے دوران کی کساد بازاری کے اثرات سے آہستہ آہستہ آزاد ہورہی ہے تاہم اب بھی ایک کروڑ 30 لاکھ امریکی باشندے بیروزگاری کا شکار ہیں جو امریکہ کی کل قابلِ کارقوت کا ساڑھے آٹھ فی صد بنتے ہیں۔