صدر مملکت اور وزیر اعظم نے کہا ہے کہ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کا بیج بونے والے اسلام اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں، اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے مسائل کو حل کرنا ہو گا۔ یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام میں صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ فروعی اختلافات بھلا کر امن و سلامتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا۔ شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنگ نظر اور گمراہ طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے یزیدیت کے خلاف ہمیشہ نبردآزما رہیں گے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی اصولوں سے روگردانی نے نفرت، تعصب اورگروہی اختلافات کو جنم دیا ہے۔ فرقہ وارایت اورانتہا پسندی کا بیج بونے والے اسلام اورپاکستان کے خیرخواہ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کربلا میں حق وباطل کے درمیان معرکے نے اسلام کو تاقیامت سرخروکر دیا۔
اسلامی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر فرقہ وارایت کو ختم کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور باہمی اتحاد و تفاق کا درس دیتا ہے، ملک کی ترقی کیلئے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ بھی کہ حق و صداقت کے پرچم کو بلند رکھا جائے۔