اسلام آباد (جیوڈیسک) معروف ڈرامہ نگار انور مقصود کا تھیٹر پلے ، پونے چودہ اگست ،کراچی اور لاہور میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اب اسلام آباد میں بھی پیش کیا جائے گا۔پاکستان کے ممتازادیب اور ڈرامہ نگار انور مقصود نے بالآخر پنتالیس سال تک ٹیلی ویژن کی دنیا میں بے شمار ڈرامے لکھنے کے بعد پہلی مرتبہ تھیٹر پلے لکھ ڈالاجس میں پاکستان کی موجودہ اور ماضی کی صورت حال کو دلچسپ مگر ڈرامائی انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔پونے چودہ اگست کے نام سے بنائے جانے والے اس پلے میں ینگ ٹیلنٹ اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے قائداعظم،علامہ اقبال،اور مولانا محمد علی جوہر کے کردار نبھارہے ہیں۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ اس کھیل کو لکھنا اور پاکستان کی نوجوان نسل تک پہنچانا ضروری ہو گیا تھا۔انہیں امید ہے کہ وطن سے محبت کرنے والی نوجوان نسل اس سے سبق ضرور حاصل کرے گی۔
یہ کھیل گیارہ سے بائیس اکتوبر تک پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں پیش کیا جائے گا جس کے لئے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یہ کھیل کراچی اور لاہور میں بے پناہ مقبولیت کے ساتھ کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکا ہے۔اور اگلے سال سے یہ کھیل پاکستان بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دکھایا جائے گا۔