انڈونیشیا (جیوڈیسک) انڈونیشیا میں ایک ایئر شو کے دوران ایک ہلکا طیارہ عمارت سے ٹکرانے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا جس سے دونوں ہوا باز مارے گئے۔ٹیلی ویژن تصاویر میں مغربی جاوا کے بندونگ شہر میں طیارہ حادثے کی جگہ سے گہرے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیئے جہاں شہر کی 202 ویں سالگرہ تقریبات کے سلسلہ میں ایئرشو ہو رہا تھا ۔
ٹرانسپورٹ وزارت کے ترجمان بمبانگ ارون نے اے ایف پی کو بتایا کہ سیسنا 202 طیارہ صبح 11 بجکر 37 منٹ پر دوران پرواز اپنی بلندی برقرار نہ رکھا سکا اور ایک عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جس میں دونوں ہوا باز موقع پر ہی مارے گئے۔ انڈونیشیا میں ہوا بازی کی حفاظت کا انتہائی ناقص ریکارڈ ہے اور وہ اپنے عمر رسیدہ فوجی طیاروں اور آلات کو جدید بنانے کے عمل میں ہے جس میں روسی اور امریکی جنگی طیارے اور بحریہ کے لئے کشتیاں اور ٹرانسپورٹ طیاروں کے لئے پارٹس حاصل کئے جا رہے ہیں۔