کوئٹہ : (جیو ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر نہ صرف اکبر بگٹی بلکہ بے نظیر کے قاتلوں کو بھی قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ حکمران بتائیں بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ملنے والے ایک سو دس ارب روپے کہاں خرچ ہوئے۔
کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے خراب حالات کے ذمہ د ار نواز شریف بھی ہیں جنہو ں نے اے پی ڈ ی ایم کے جماعتوں کو انتخابی بائیکاٹ کرایا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ایک سو دس ارب روپے ملے وہ رقم کہاں خرچ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوسز غلاموں کے لیے انگریزوں نے بنائے تھے اقتدار میں آکر انہیں گرا دیں گے۔
عمران خان نے ناراض بلوچ رہنماؤں سے کہا کہ وہ ان سے بات کریں ہر وعدہ پورا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر نہ صرف اکبر بگٹی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے بلکہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھی پکڑیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ ماہ سونامی کا رخ راولپنڈی میں ہوگا سیاسی مگرمچھ اکٹھے ہو گئے لیکن ایک ہی گیند پر سب وکٹیں گریں گی۔