یورپی یونین(جیوڈیسک)برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کے متنازع جوہری پروگرام پر اس کے خلاف یورپی یونین کی جانب سے نئی پابندیاں عائد کرنے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک یورپی سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے یورپی یونین کی سربراہ کیتھرائن آشٹن کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے ایران کے ساتھ بحران میں مزید کشیدگی کے پیش نظر سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ نئے اقدامات کی تفصیلات پر ابھی تک کام ہو رہا ہے تاہم یورپی یونین وزرائے خارجہ 15 اکتوبر کو اجلاس کے موقع پر اس حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
ایک اور مغربی اہلکار نے اس درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان وزرا خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ہم پابندیوں میں مزید سختی لائیں۔ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ آشٹن جمعرات کے روز نیویارک میں تین یورپی ممالک، امریکہ، روس اور چین پر مشتمل چھ ممالک کے اجلاس کی قیادت کریں گی۔ یہ ممالک ایران کے ساتھ جوہری معاملے کے حل کے لئے مذاکرات کی کوششیں کر رہے ہیں۔