بھارت : (جیو ڈیسک)بہت شور سنتے رہے ایکٹنگ پرنسیس ایشا دیول اور جیول پرنس بھارت تختانی کی شادی ہونے والی ہے، اوربلاخر دونوں بندھ ہی گئے شادی کے بندھن میں۔ بھارت تختانی کی بارات عالیشان بگھی میں پہنچی تو دھرمیندر اور ہیما مالنی نے استقبال کیا۔ ہیما لنی نے دولہا کی آرتی بھی اتاری۔ چاند اور چاندنی کی اس تقریب میں بالی ووڈ کنگ امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، انو ملک، فردین خان، ونود کھنہ ،کویتا کھنہ، وجینتی مالا اور بے شمار فلمی ستاروں نے شرکت کی۔
سفید شیروانی اور سرخ راجستھانی کلاہ میں ملبوس بھارت تختانی نے ایشا کا ہاتھ تھاما تو دلہن کے بھائی سنی اور بوبی دیول اپنی فلمی مصروفیات کی بنا پر موجود نہیں تھے۔ پدما پیلس میں ہونے والی اس تقریب کو گیندے اور کنول کے پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کے مہمانوں کی تواضع انواع و اقسام کے کھانوں اور ناریل کے پانی اور تربوز کے شربت سے کی گئی۔