پاکستان کی سرحد پر امریکی اور نیٹو فورسز کے بلا اشتعال حملے اور حملے میں پاک فوج کے افسران و اہلکاروں کے شہید و زخمی کئے جانے کے خلاف ایم کیو ایم قائد تحریک الطاف حسین کی اپیل پر متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں یوم یکجہتی و استحکام پاکستان ڈے بھر پور اندازسے منایاجارہا ہے اور کراچی سمیت اندرون سندھ، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں قائم ایم کیوایم کے زونل دفاتر پر یوم یکجہتی و استحکام پاکستان ڈے کی تقاریب کا سلسلہ صبح 9بجے سے شروع ہو گیا۔ ان تقاریب میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور حق پرست عوام بڑی تعداد میں پاکستانی پرچم کے ساتھ شریک ہیں اور وہ امریکی اور ینٹو فورسز کے حملے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے اپنی والہانہ محبت اور یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ الطاف حسین کی اپیل پر ملک بھر میں عوام و کارکنان نے امریکی اور نیٹو فورسز کے حملے کے خلاف گھروں، دکانوں، ہوٹلوں، دفاتر اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرائے اور پاک فوج سے مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد سمیت ملک بھر میں قائم ایم کیوایم کے زونل دفاتر پر یوم یکجہتی و استحکام پاکستان ڈے کی تقاریب کے شرکا سے قائد تحریک الطاف حسین آج سہ پہر 3بجے لندن سے ٹیلی فونک خطا ب بھی کریں گے۔