ایک سال میں ریکارڈ ساڑھے 27لاکھ ٹن پیٹرول کا استعمال

petrol

petrol

پاکستان (جیو ڈیسک) پاکستان میں گذشتہ مالی سال پیٹرول کی درآمد ساڑھے پندرہ لاکھ ٹن کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔اس دوران ملک میں پیٹرول کی پیداوار بغیر کسی اضافے کے بارہ لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی۔اس طرح ملک میں ایک سال میں پیٹرول کی کھپت ساڑھے ستائیس لاکھ ٹن تک جا پہنچی۔

آئل کمپنیز ایڈوائیزری کمیٹی کے جاری کردہ اعدادوشمار کیمطابق پاکستانیوں نے ایک سال میں ساڑھے ستائس لاکھ ٹن سے زائد پیٹرول پھونک ڈالاجوکہ اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ پیٹرول کے ریکارڈ استعمال کی بنیادی وجوہات میں ہفتہ وار بنیاد پر سی این جی اسٹیشنز کی بندش ، موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کی پیداوار اور درآمد کا بڑھنا اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جنریٹرز کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ شامل ہیں۔

جون میں ایک لاکھ اٹھہترہزاردو سو ٹن پیٹرول درآمد ہوا۔ جس سے ایک ماہ میں پیٹرول کی درآمد کا پچھلا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ایک معاہدے کے باعث گذشتہ مالی سال ملک میں پیدا ہونے والے بارہ لاکھ ٹن پیٹرول کی قیمت بھی عالمی سطح پر پیٹرول کی کی قیمت کے حساب سے پاکستانیوں کو ادا کرنی پڑی۔