بالی ووڈ باکس آفس پر اب تک کی سب سے دھماکے دار نیوز یہ ہے کہ سلمان خان کو ایک فلم میں کام کرنے کے لئے ایک ارب روپے کی آفر ہوئی ہے۔ یہ وہی رقم ہے جو ان کی حالیہ فلم ایک تھا ٹائیگر نے صرف پانچ دنوں میں کماکر نیا ریکارڈ بنایا ہے۔آسان الفاظ میں کہیں تو سلمان خان کا ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ پوری فلم کی مجموعی آمدنی کے برابر ہونے جارہا ہے۔ بھارت کے ایک نہیں کئی نجی ٹی وی چینل جن میں این ڈی ٹی وی ،زی نیوز اور ٹائمز بھی شامل ہے اس خبر کو نمایاں انداز میں پیش کررہے ہیں۔ ان چینلز کا کہنا ہے کہ باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ بنانے والے ٹائیگریعنی کہ سلمان بالی ووڈ کے سب سے مہنگے اسٹار بننے والے ہیں۔
بھارت کی معروف ترین فلم میوزک کمپنی ٹپس کے سربراہ فلمساز رمیش تورانی نے سلمان کو اپنے ہاوس پروڈکشن کی اگلی فلم کے لئے100 کروڑیعنی ایک ارب روپے کی آفر کی ہے ۔اتنی بڑی آفر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ایک تھا ٹائیگر کی کامیابی کے بعد سلو میاں کو سائن کرنے والے پروڈیوسرز کی لائنیں لگی ہوئی ہیں جبکہ رمیش تورانی کسی بھی قیمت پر سلمان کو سائن کرنے کے لئے تیار ہیں لہذا پہلی ہی فرصت میں انہوں نے ایک ارب روپے کی آفر کرکے دوسرے پروڈیوسر زکی آفر زبے رنگ بنادی ہیں۔ خبروں کے مطابق اگر ڈیل ہوجاتی ہے تو یہ بالی ووڈ کی اب تک کی سب سے مہنگی ڈیل ہوگی۔
این ڈی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ تورانی کچھ ہی دن پہلے سلمان خان سے ملے تھے اور انہیں اپنی فلم کی پیشکش کی تھی۔ سلمان خان کی گزشتہ تین فلموں نے ڈیڑھ ڈیٹرھ ارب روپے کا بزنس کیا تھا ۔ اسے دیکھتے ہوئے تورانی کو یہ سودا مہنگا نہیں لگ رہا۔
لیکن تورانی شاید انکم ٹیکس والوں سے بچنے کے لئے ایک ارب روپے والی بات چھپارہے ہیں حالانکہ وہ اس بات کو تسلیم کررہے ہیں کہ سلمان ان کی فلم سائن کرچکے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ سلمان ایک تھا ٹائیگر کی ریلیز سے پہلے ہی ا ن سے فلم میں کام کرنے کا معاہدہ کرچکے ہیں۔ تورانی کا فلم کے بارے میں یہاں تک کہنا ہے کہ یہ فلم اگلے سال شروع ہوگی لیکن باقی تفصیلات طے ہونا ابھی باقی ہیں ۔
سلما ن کی گزشتہ تین فلموں دبنگ نے 145کروڑ، ریڈی نے 124کروڑ اور باڈی گارڈ نے 149کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔ اس میں سیٹیلائٹ ، میوزک رائٹس اور ہوم ویڈیو سے ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے ۔
مسلسل تین ہٹ فلمیں دینے کے بعدایک تھا ٹائیگر کی ریکارڈ کمائی نے سلمان کو بالی ووڈ کا موسٹ وانٹیڈ خان بنادیا ہے ۔ اس بات کا اندازہ یوں بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے تین چار دنوں میں سلو کے گھر کے باہر نظر رکھنے والے فلمسازوں میں وجے گالانی، رمیش تورانی، یو ٹی وی ،ڈزنی اسٹوڈیو18، ساجد نڈیاڈوالا، سورج بڑجاٹیہ، راج کمار سنتوشی، سبھاش گھائی اور یش چوپڑا شامل ہیں جبکہ فرح خان ، فرحان اختراور کرن جوہر پہلے ہی سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔