بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ عابد رضا

گلیانہ: (زاہد مصطفیٰ اعوان) بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت نے بھی چار سالوں میں کوئی اقدامات نہیں کیے اس غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پر امن احتجاج بے روزگار ہونے والے مزدوروں اور تاجروںکا حق ہے ان خیالات کا اظہار سالار قافلہ چوہدری عابد رضا نے اپنے ایک بیان میں کیا انھوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام قوم سے اربوں روپے لوٹنے اور ہر ماہ فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کے باوجود بھی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی کمی نہیں ہوسکی 15سے 20گھنٹے تک ہونے والی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کارخانے بند اور غریب محنت کش مزدور خود کشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔

عوامی احتجاج میں تشدد کے واقعات حکمرانوں کی قوم کے ساتھ انتہا پسندی کا نتیجہ ہیں انھوں نے کہا کہ حکومت سر سے پائوں تک کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے حکمران بینکوں سے قرضے لے کر عیاشیاں کر رہے ہیں عام آدمی پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے اور بے روزگاری نے عوام کی قمر توڑ دی ہے ایسی صورتحال میں حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں اور عوام کی خستہ حالی اور ابتر حالات کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے عوام کی بہتری کیلئے حقیقی اقدامات کو فروغ دیں۔