بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف گجرات شہر میں احتجاجی مظاہرے

گجرات: بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف گجرات شہر میں مختلف مقامات پر واپڈا اور حکومت کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، تفصیلات کے مطابق ریلوے روڈ ، سرگودھا روڈ ، ہریہ والا چوک ، سرکلر روڈ ، شاہدولہ روڈ پر واپڈا اور حکومت کے خلاف الگ الگ عوامی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، اور سخت نعرے بازی کی گئی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گجرات کی طرح ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کی جائے اور سب سے زیادہ چوری کرنے والے صوبہ سندھ میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جائے ، بھاری بل ادا کرنے کے باوجود بیس سے بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نامنظور ہے ، اگر واپڈا اور حکومت نے فوری طور پر عملی اقدامات نہ کیے تو آئندہ ہفتے احتجاجی مظاہروں کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائیگا ، گزشتہ دو ہفتوں سے ضلع گجرات میں 20گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ، اور واپڈا سمیت کوئی بھی سیاسی اور حکومتی عہدیدار اس پر ایکشن لینے کو تیار نہیں احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر گھنٹوں روڈز کو بلاک کیے رکھا جس سے مسافروں سمیت تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔