بجلی کی پیداوار ساڑھے تیرہ ہزار میگاواٹ تک بڑھانے کا فیصلہ

electricity power

electricity power

پاکستان : (جیو ڈیسک) حکومت نے بجلی کی پیداوار آئندہ دس روز کے دوران ساڑھے تیرہ ہزار میگاواٹ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے زیر صدارت توانائی کانفرنس میں پانی و بجلی، پیٹرولیم، خزانہ اور اطلاعات و نشریات کے وزرا اور سیکرٹریز شریک ہوئے۔ اجلاس میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور توانائی بحران پر تعاون کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی پیداوار یقینی بنانے کیلئے وزارت خزانہ فنڈز فراہم کرے گی۔

وزارت پانی وبجلی میں کرائسز منیجمنٹ سیل قائم کیا جائے گا، جس کی نگرانی توانائی سے متعلق کابینہ کی کمیٹی کرے گی۔ یہ کمیٹی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی بھی نگرانی کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی پیداوار کیلئے کمپنیز کو دو سو سات ایم ایم سی ایف گیس فراہم کی جائے گی۔ پچاس فیصد سبسڈی سے چار ہزار شمسی توانائی کے ٹیوب ویل لگائے جائیں گے۔