برازیل: اداکار کو غلطی سے پھانسی لگ گئی

judas

judas

ایتاریر : (جیو ڈیسک) برازیل میں ایک ڈرامے کے دوران حادثاتی طور پر خود کو پھانسی لگانے والے ستائیس سالہ تھیٹر اداکار تیاگو کلمیک انتقال کر گئے ہیں۔ تیاگو کلمیک جمعہ کو اس وقت کوما میں چلے گئے تھے جب ایتاریر نامی شہر میں گڈ فرائی ڈے کے موقع پر سٹیج کیے گئے ڈرامے میں جوڈا کا کردار نبھاتے ہوئے خودکشی کے ایک منظر میں انہیں واقعی پھانسی لگ گئی۔

وہ خودکشی کی ایکٹنگ کر رہے تھے اور جب وہ چار منٹ تک رسی پر لٹکے رہے تو ان کے ساتھیوں کو محسوس ہوا کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔اس پر انہیں جلدی سے نیچے اتار کر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ اتوار کو انتقال کر گئے۔ ایتاریر کے سانتا کاسا ڈی ایتاپیوا نامی ہسپتال نے تیاگو کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے اور اب ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کیا ڈرامے کے اس منظر کے لیے تیار کی گئی پھانسی کی رسی میں لگی گانٹھ میں کوئی گڑبڑ تو نہیں تھی۔