واشنگٹن چراغان کیا ہوا کہ دنیا کی بلند ترین عمارت مزید بلند ہوکر رہ گئی۔
دبئی کی برج الخلیفہ 2716فٹ اونچی عمارت ہے۔
نئے سال کی آمد سیقبل ہی آوازکی گونج اور چراغاں نے سماں باندھ رکھا تھا کہ بارہ بجے رات ہونے والی شاندار آتش بازی نے یکایک ساری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے کر ماحول کو مزید پرکشش و سحر انگیز بنا ڈالا۔
اِس موقع پر بننے والی ایک وڈیو اِس وقت ویب پر گردش کر رہی ہے، جس میں برج الخلیفہ کے وسیع احاطے میں پراگ کا آرکیسٹرا مسحور کن دھنیں بجا رہا ہے، جس کی بازگشت اِس کثیر منزلہ عمارت سے دور دور تک دبئی میں سنی جارہی ہے۔
اِس عمارت کا شہرہ ہالی ووڈ کی فلم مشن امپوسیبل، گھوسٹ پروٹوکول کی یہاں ہونے والی عکس بندی کے بعد اب دور دور تک پھیل چکا ہے۔ یہ وہی عمارت ہے جسے ٹام کروز باہر سے سر کرتے چلیجاتیہیں۔
کوئی بات نہیں اگر آپ کے پاس 4300 ڈالر نہیں ہیں، اور آپ اِس عمارت کی 122ویں منزل پر واقع ریستوران کی ایک میز کی بکنگ نہیں کراپائے۔ اِس منزل کو ایٹموسفیئر کا نام دینے والے خوب جانتے ہیں کہ نیچے جاری موسیقی کے شو کا اتنی اونچائی سے نظارہ کرنا کیا معنی رکھتا ہے۔ ویسے بھی، دیکھنے کے لیے زمیں پر بہت کچھ تھا۔
تقریبا دس لاکھ افراد نے دبئی کی سڑکوں پر کھڑے ہوکر محفل ِموسیقی اور برقی قمقموں کی جھر مر میں آتش بازی کا پرلطف نظارہ کیا اور بے انتہا محظوظ ہوئے، جس کے بارے میں منتظمیں کا خیال تھا کہ یہ روئے زمین پر ہونے والی بہترین تقاریب میں سے ایک ہے۔