بشیر احمد بلور کی شہادت پر وزیراعظم نے ملک بھر میں آج ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ پنجاب اور پختونخوا کی حکومتوں کے علاوہ پیپلز پارٹی، اے این پی اور ایم کیو ایم نے بھی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں آج شٹرڈاؤن ہڑتال ہو گی۔
پشاور میں دہشت گردی کے واقعے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء بشیر احمد بلور شہید ہو گئے جس پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ملک بھر میں ایک روزہ اور فاٹا میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے تین روزہ جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے دس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے دفاتر پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے اور کارکن سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔ پیپلزپارٹی سندھ بشیر بلور کی شہادت پر دو روزہ سوگ منائے گی۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بشیربلور کی شہادت پر تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوگ پر امن اور بھر پور طریقے سے منائیں اوردکانوں، عمارتوں، چوراہوں اوردینی درسگاہوں پر سیاہ پرچم اور بینرز لگا کر شہدا کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
کوئٹہ میں اے این پی کے کارکنوں نے بشیر احمد بلور پر خودکش حملہ کے خلاف جنکشن چوک پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا۔ آج شہر میں شٹرڈان ہڑتال ہو گی اور کارکن تین دن تک سوگ منائیں گے۔