بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ پر سکون تعلیمی ماحول کے قیام اور جہالت کے خاتمے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ۔کمال مصطفی

کراچی (ارشد محمد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے فکر و فلسفے پر عمل کرتے ہوئے ترقی اور عوامی خوشحالی کے ساتھ ملک سے جہالت کے خاتمے اور علم کے فروغ کے لئے عملی جدو جہد کررہی ہے،جہالت کے خاتمے اور علم کے فروغ کے لئے ملک میں دوہرے تعلیمی معیار کا خاتمہ کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے زیر اہتمام شاہ فیصل ٹاؤن میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں علمی میدان میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات و اسناد کی تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی ،سماجی شخصیت سعید عالم ،معروف سنگرز ایم افراہیم ،امجد رانا معروف صحافی عزیز عارف اور تقریب کے میزبان عالمی ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان نے بھی خطاب کیا ۔نشاط ضیاء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول پر بھر پور توجہ دیں اور تعلیم کے زریعے اپنا ،اپنے والدین ،مادر علمی ،علاقہ شہر اور ملک نام روشن کریں انہوں نے زور دیا کہ دینی علوم کے حصول کے ساتھ دور جدید کی تعلیم سے بھی آراستہ ہونے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے علمی میدان میں نمایاں کا رکردگی پر طلباء و طالبات کی کوشوں کو سراہنے اور نہیں انعامات و اسناد سے نوازنے کے لئے شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آفیسر کمال مصطفی کہا کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں علاقائی ترقی اور بلدیاتی سہولیات کی عوام کے دہلیز تک فراہمی کے ساتھ پر سکون تعلیمی ماحول کے قیام اور فروغ علم کی جد جہد میں بھی مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن میں نصابی اور غیر نصابی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کو یقینی بنا نے کے لئے تمام اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔

چیف آفیسر کمال مصطفی نے اعلان کیا کہ آئندہ سال شاہ فیصل ٹاؤن میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو ٹاؤن کی جانب سے ایوارڈ و اسناد سے نوازا جائے گا ۔تقریب کے اختتام پر اورنگزیب سلطان اکیڈمی کی جانب سے شاہ فیصل ٹائون کے ہونہار طلباء و طالبات میں انعامات واسناد تقسیم کئے گئے ۔