بلوچستان (جیوڈیسک) وزیراعلی بلوچستان نے آج ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا۔ انہوں نیصوبے میں پاک فوج کے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کا اشارہ بھی دیا۔ وزیراعلی کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری صحت بلوچستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر حاضر ڈاکٹروں کو چوبیس گھنٹے کا نوٹس دے کر ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہڑتالی ڈاکٹرز اپنا احتجاج ختم نہیں کرتے تو بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور سنڈیمن صوبائی ہسپتال کوئٹہ کیلئے پاک فوج سے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔نواب اسلم رئیسانی نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں پر فوری طور پر بھرتی شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹر اپنے ساتھی ڈاکٹر سعید احمد خان کے اغوا کے خلاف ایک ماہ سے ہڑتال پر ہیں جس کی وجہ سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور جنرل آپریشن تھٹیرز بند پڑے ہیں ۔