بلوچستان کے افسران کے تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری

PM raja pervaiz ashraf

PM raja pervaiz ashraf

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بلوچستان کے افسران کے تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بلوچستان میں امن وامان کی خراب صورتحال کے حوالے سے بلوچستان کے حالیہ دورے کے موقع پر ہدایت کی تھی کہ ایسی پالیسی وضع کی جائے کہ تمام اہل، ایماندار اور مخلص قانون نافذ کرنے والے افسران کو بلوچستان میں تعینات کیا جائے تاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری لائی جاسکے۔ وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے ڈومیسائل کے حامل ایسے تمام افسران جنہوں نے تاحال بلوچستان میں خدمات سرانجام نہیں دیں اور ایسے افسران جو 3 سال سے صوبے سے باہر خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں واپس بلوچستان میں تعینات کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق وہ تمام افسران جنہوں نے بلوچستان میں خدمات سرانجام دی ہیں لیکن اس کا دورانیہ 2 سال سے کم رہا ہے تو انہیں بھی واپس بلوچستان میں خدمات انجام دینا ہوں گی۔ تبادلوں سے متعلق نئی پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی ٹرانسفر پالیسی سے صوبائی حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوں گے اور انہیں صوبے میں تعیناتی کیلئے قابل افسران کی تعیناتی میں آسانی ملے گی جس سے صوبے کا نظم ونسق بہتر ہوگا۔