پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش ماڈل پاکستان میں نہیں چلے گا۔ صدر آصف علی زرداری کے خلاف ظالمانہ مذاق کی آخری قسط چلائی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہاکہ صدر پاکستان پر ذمہ داری ہوتی ہے پریشر نہیں جب کہ ان کی بیماری کو سیاسی ایشو نہیں بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اداروں کے درمیان تماشا نہیں ہوگا کیونکہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ سابق وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو اس کے مینڈیٹ کے مطابق کام نہیں کرنا دیا گیا ہے جب کہ موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی سلامتی کے معاملے میں کسی بھی طرح کا سمجھوتا نہیں کرئے گی۔