پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش ہوم گرائونڈ پر آسان ٹیم نہیں ہے۔ حالیہ فتوحات ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جسے بنگلہ دیش میں بھی برقرار رکھیں گے۔ ڈھاکا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کا ہرممبر اپنی ذمہ داریوں اور خود سے وابستہ توقعات سے بخوبی آگاہ ہے اور سب ایک دوسرے کی بھرپور مدد کررہے ہیں، سری لنکا کیخلاف کامیابی ٹیم ورک اور متحد کاوش کے ذریعے حاصل کی اور بنگلہ دیش میں بھی ٹیم اسپرٹ کی بدولت فتوحات کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ تاہم کامیابی کیلئے بیٹنگ میں مستقل مزاجی لانا ہوگی۔ پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے دورے کا آغاز منگل کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ سے کریگی۔ جس کے بعددونوں ٹیمیں تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گی۔ ون ڈے سیریز کے بعد شاہد آفریدی،سرفراز احمد، سہیل تنویر اور عمر اکمل پاکستان لوٹ جائیں گے۔انکی جگہ عدنان اکمل، توفیق عمر، اظہرعلی اور محمدطلحہ لیں گے۔