بھارت: دھماکے سے پندرہ پولیس اہلکار ہلاک

indian medical

indian medical

گڑھ چرولی : (جیو ڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ سے متصل ریاست مہاراشٹر کے گڑھ چرولی ضلع میں ایک بارودی سرنگ کے پھٹنے کے نتیجے میں بھارت کے نیم فوجی دستے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کے پندرہ اہلکار ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہوئے ہیں۔
گڑھ چرولی میں تعینات ایک سینیئر پولیس اہل کار نے ذرائع کو بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گڑھ چرولی ضلع میں دھنورا کے نزدیک سی آرپی ایف کی بس مانواز باغیوں کے ذریعہ بچھائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آگئی۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ پولیس بس کے پرخچے اڑ گئے اور دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اس بس کو پیش آیا جو کپوا سے پھوبوری گٹا جا رہی تھی اور یہ بارودی سرنگ سڑک کے بیچ بچھائی گئی تھی۔گڑھ چرولی ضلع کی حدیں ریاست چھتیس گڑھ اور آندھر پردیش کے علاقوں سے ملی ہوئی ہیں اور یہ علاقہ مانواز باغیوں کی پناہ سمجھا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق گڑھ چرولی میں سی آر پی ایف کے چار کیمپ مو جود ہیں جو کہ دھنورا، بامرا گڑھ، دیسے گڑھ میں قائم ہیں اور پولیس اہلکاروں کا ایک کیمپ سے دوسرے کیمپ میں آنا جانا معمول کی بات ہے۔ لیکن مانواز باغیوں کے زیر اثر ان علاقوں سے گذرتے ہوئے پولیس کے جوانوں کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ پولیس اہل کاروں کا کہنا ہے کہ کبھی کبھی ان علاقوں میں جوانوں کی نقل و حرکت سے قبل ‘روڈ اوپننگ پارٹی’ کو تعینات کیا جاتا ہے تاکہ بارودی سرنگوں کا پتہ لگایا جا سکے۔

بہر حال پولیس عہدہ دار نے یہ وضاحت کی ہے کہ ابھی تک اس بات کا علم نہیں ہو سکا ہے کہ اس بس کی نقل وحرکت سے پہلے روڈ اوپننگ پارٹی کو اس کام کے لیے تعینات کیا گیا تھا کہ نہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل وجے کمار ان دنوں گڑھ چرولی کے دورے پر ہیں اور ضلع میں ان کی موجودگی کے دوران اس حادثے کا رونما ہونا کافی معنی خیز ہے ہر چند کہ وہ جائے حادثہ پر نہیں تھے۔
پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ مرنے والے پولیس جوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ما نواز باغی اس علاقے کے ساتھ ساتھ کئی دوسری بھارتی ریاستوں میں بھی سرگرم ہیں۔ یہ حملہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران بھارتی پولیس پر ہونے والا سب سے شدید حملہ تھا۔
مانواز باغیوں نے دو ہفتے قبل ریاست اڑیسہ میں دو اطالوی باشندوں کو اغوا کیا تھا جن میں سے ایک کو رہا کر دیا گیا ہے۔