بھارت : (جیو ڈیسک) بھارت نے بیلسٹک میزائل اگنی فائیو کا تجربہ کیا ہے، زمین سے زمین پر مار کرنے والا بین البراعظمی بیلاسٹک میزائل چین سمیت ایشیا اور یورپ کے بڑے حصے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلسٹک میزائل اگنی فائیو اڑیسہ کے ساحل سے فائر کیا گیا۔ پانچ ہزار کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والا اگنی میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک ٹن ایٹمی مواد ہدف تک لے جاسکتا ہے۔ امریکا، روس فرانس اور چین کے بعد بھارت وہ پانچواں ملک ہے جس نے اس نوعیت کے میزائل کی اہلیت حاصل کی ہے۔
پچاس ٹن وزنی اگنی فائیو میزائل کا تجربہ گزشتہ روز کیا جانا تھا۔ تاہم خراب موسم کے باعث یہ تجربہ آج کیا گیا۔ میزائل آئندہ تین برسوں میں بھارتی فوج کے حوالے کیا جائے گا۔