کراچی (جیوڈیسک)بھارت میں تعینات ٹریڈ منسٹر آف ہائی کمیشن پاکستان نعیم انور نے کہا ہے کہ تیس نومبر تک بینکنگ چینل پرحتمی فیصلہ ہوجائے گا اور مارچ دو ہزار تیرہ تک بھارت کے تین بینک ،اسٹیٹ بینک آف انڈیا، پنجاب نیشنل بینک اور بینک آف انڈیا، پاکستان میں آپریشن شروع کردیں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم انور نے بتایا کہ اس دوران دو پاکستانی بینک یو بی ایل اور نیشنل بینک آف پاکستان بھی بھارت میں اپنی شاخیں کھول لیں گے۔
اپریل دو ہزار تیرہ تک بھارت اپنے ٹیرف کو سافٹا کے تحت کردے گا جبکہ بھارت کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ واہگہ کے ذریعے تمام بھارتی اشیا کو پاکستان میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ویزا شرائط میں نرمی،، پولیس رپورٹنگ اور کوالٹی اسٹینڈر جیسے بڑے مسائل حل کرلیے ہیں جلد بھارت کے ساتھ دیگر تجارتی معاملات بھی حل ہوجائیں گے۔