بیلاروس کی ٹینس اسٹار اور آسٹریلین اوپن کی فاتح وکٹوریہ آزرنکا خواتین ٹینس کی نئی رینکنگ میں نمبرایک بن گئی ہیں۔ سربیا کے نوواک یوکووچ اعزازکے دفاع کے ساتھ رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن کا دفاع کرنے میں کامیاب ہیں۔ ڈبلیوٹی اے کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں وکٹوریہ آزرنکا دو درجہ ترقی کرکے نئی عالمی نمبرایک بن گئیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی بیلاروس کی پہلی کھلاڑی ہیں۔ ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی تین درجہ تنزلی کے بعد نمبرایک سے چارپر پہنچ گئیں ہیں۔ آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ پیٹرا کویٹووا بدستوردوسرے نمبرپرموجود ہیں۔ فائنل میں آزرنکا سے ہارنے والی روس کی ماریہ شرا پوا ایک درجہ ترقی پاکرنمبرتین پرپہنچ گئیں۔ مینزرینکنگ میں سربیا کے نوواک یوکووچ بدستور نمبرایک، اسپین کے رافیل نڈال نمبردو، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نمبر تین اور برطانیہ کے اینڈی مرے نمبر چار ہیں۔