سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ بینچ اور بار مشترکہ طور پر ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدالتی نظام کی اصلاح کی کوششیں کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سپریم کورٹ بار کے نومنتخب اور سبکدوش ہونے والے ارکان کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی سربراہی سپریم کورٹ بار کی سبکدوش ہونے والی صدر عاصمہ جہانگیر اور نومنتخب صدر یاسین آزاد کررہے تھے۔ جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ بینچ اور بار کا مقصد انصاف کا نفاذ ہے اور معاشرے آئین کی حکمرانی کے علاوہ کوئی قانون نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے گذشتہ ایک برس کے دوران سپریم کورٹ بار کی کارکردگی کو سراہا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بینچ اور بار نے تمام مسائل زیر غور لاکر ایس اور پیز تشکیل دیے۔ ان فیصلوں کو کتابی شکل دے کر ان کا نفاذ کیا گیا جس کے نتیجے میں بینچ اور بار کے تعلقات میں مضبوط ہوئے۔اس موقع پر سپریم کورٹ بار کے نومنتخب صدر نے چیف جسٹس کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔