تحریک آزادی کشمیر میں علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے،سردار یعقوب خان

Yaqub Khan

Yaqub Khan

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے ، کشمیری بھارت کو فتح کرنا چاہتے اور نہ ہی آزاد کشمیرمیں دہشت گردی کے کیمپ قائم ہیں ہم اپنے قانونی اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جو کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی ،اسلام امن ومحبت کا درس دیتا ہے جس کو عام کرنے کی ضرورت ہے ، اس ضمن میں مجلس صوت الاسلام کا کردار قابل تحسین ہے ، میں علماء کو دعوت دیتا ہوں کہ آزاد کشمیر میں بھی اس طرح کی تقاریب کا انعقاد کریں۔ مجلس صوت الاسلام کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ نے کہا ہے کہ آج یہاں پر 500 نوجوان علماء کا حسین گلدستہ ہمارے سامنے ہے۔جو انسانیت سے محبت کرنے والے ہیں، استحکام پاکستان پر یقین رکھنے والے دین اسلام کی خدمت کا جذبہ لیے یہ پُر عزم نوجوان درحقیقت تربیت العلماء کورس مکمل کرنے والے ان 900 سے زائد علماء کا حصہ ہیں جو ملک کے طول وعرض اور دور دراز علاقوں میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے معاشرہ کو مزین کررہے ہیں۔وہ پیر کو مقامی ہوٹل میں مجلس صوت الاسلام پاکستان کے تحت منعقدہ سہ روزہ علماء امن کنونشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

Convention

Convention

اس موقع پر رئیس کلیہ الدعوہ جامع الوادی الجزائر کے شیخ کمال احمد القدة ، جامعہ اسلامیہ کے مہتمم مفتی محی الدین ، عالمی مجلس ختم نبوت کے نائب امیر خواجہ عزیز احمد ، ڈائریکٹر رابطہ العالم السلامی عبدہ محمد عتین ،شیخ زید اسلامک سینٹر کے ڈائریکٹر دوست محمد ، پنجاب یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد سعد صدیقی بھی موجود تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مفتی ابوذر محی الدین نے انجام دیے جبکہ تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری محمد اور نعت رسول مقبول کی سعادت سلمان گیلانی نے حاصل کی۔ صدرآزاد کشمیر سردار محمد یعقو ب خان نے کہا ہے کہ امن کے قیام اور بدامنی کے سدباب کیلئے اسلام نے اخوت اور وبردباری کا ایک منفرد تصور پیش کیا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ اس عالم رنگ وبو میں اگر ایک جانب فساد وبد امنی کے بہت سے واقعات نظر آتے ہیں تو دوسری جانب امن کے قیام کے مختلف نظریات ، افکار اور فلسفے بھی نظر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی حکومت کی طرف سے مفتی ابوہریرہ اور ان کی تنظیم کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔اردن کے التعلیم الشعری وزارت اوقاف کے مدیر شیخ سمیع احمد عثامنہ نے کہا کہ اسلام امن وسلامتی کادین ہے ۔علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اسلام کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کریں ، اسلام کا صحیح چہرہ دنیا کے سامنے لائیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسلام کا دفاع کریں اور مخالف سمت سے آنے والی آندھیوں کا مقابلہ کریں، اس کانفرنس میں ملک کی نام ور شخصیات نے شرکت کی۔