تحریک انصاف نے ن لیگ کیخلاف الیکشن کمشن کو خط لکھ دیا

Election Commission Pakistan

Election Commission Pakistan

پاکستان تحریک انصاف نے سرکاری وسائل کا ناجائز استعمال اور سرکاری افسران کی جانب سے نواز لیگ کے لئے اپنے عہدوں کا غلط استعمال کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اخبارات میں اشتہارات پر اخراجات کے وسائل کی حد عبور کرلی۔ زیادہ تر اشتہارات میں نواز شریف کی تصاویر نمایاں ہوتی ہیں جبکہ ان کے پاس پنجاب حکومت کا کوئی سرکاری عہدہ نہیں۔ پنجاب حکومت کو کوئی حق نہیں کہ وہ تصویر چھاپے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے لیپ ٹاپ طلبا میں حمزہ شہباز اور مریم نواز تقسیم کر رہے ہیں حالانکہ ان کے پاس بھی کوئی عہدہ نہیں۔ پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات محی الدین وانی اخبارات اور میڈیا ہاسز میں تحریک انصاف کی خبریں رکوانے کیلئے سرگرم رہتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بلواسطہ یا بلاواسطہ سیاست میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کے جواب میں مسلم لیگ ن کے سینٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ جو سیاسی جماعت نواز شریف کی تصویر سے ڈر جائے وہ انتخابات میں ن لیگ کا کیسے مقابلہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کی جانب سے اگر ن لیگ سے وضاحت طلب کی گئی تو اس کا جواب دیا جائے۔